سکولوں کی حدود میں کوڑا کرکٹ اور دیگر اشیا جلانے پر مکمل پابندی
طلبہ، اساتذہ اور والدین میں سموگ کے مضر اثرات بارے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت
لاہور(خبر نگار)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سموگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ سکولوں کی حدود میں کوڑا کرکٹ اور دیگر اشیا جلانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ طلبہ، اساتذہ اور والدین میں سموگ کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سکولوں میں طلبہ کو ماسک کے استعمال، زیادہ پانی پینے اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی آگاہی دی جائے ۔ دمہ اور سانس کے امراض میں مبتلا بچوں کا خصوصی خیال رکھنے جبکہ کھیلوں اور دیگر جسمانی سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ سموگ کے اوقات میں سکولوں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے اور کلاس رومز کو صاف ستھرا رکھنے کا حکم دیا گیا ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں میں کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سانس اور دل کے امراض میں مبتلا طلبہ کا ہنگامی طبی ریکارڈ مرتب کرنے کا بھی کہا ہے ۔ اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کی طبیعت خراب ہونے کی علامات پر فوری توجہ دیں تاکہ ضرورت پڑنے پر بروقت طبی امداد فراہم کی جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments