ہسپتالوں کا طبی فضلہ تلف کرنے کیلئے انسینیریٹرز لگانے کا فیصلہ

 ہسپتالوں کا طبی فضلہ تلف کرنے کیلئے انسینیریٹرز لگانے کا فیصلہ

غیر قانونی خرید و فروخت کرنے والوں کے ٹھکانوں کو سیل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے متعدی طبی فضلے کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انسینیریٹرز (طبی فضلہ جلانے والے پلانٹس) کی تنصیب کے منصوبوں پر کام شروع کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے ۔ڈویژنل ہاسپٹل ویسٹ سپروائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کے لیے قابلِ عمل ماڈلز بھی پیش کریں تاکہ طبی فضلے کو ری سائیکل ہونے سے روکا جا سکے اور اسے مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ متعدی ہسپتالوں کا فضلہ، بالخصوص پلاسٹک، ماحول کو آلودہ کرنے کے ساتھ غیر قانونی طریقے سے دوبارہ استعمال کے قابل بنا کر انسانی صحت کے لیے شدید خطرات پیدا کر رہا ہے ۔ لہٰذا ہسپتالوں کے متعدی فضلے کو انسینیریٹرز کے ذریعے تلف کرنا انتہائی ضروری ہے ۔

کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے ہسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کے لیے دستیاب انسینیریٹرز، نجی ہسپتالوں کے ساتھ معاہدوں، انسینیریٹرز کے ایمیشن کنٹرول سسٹم سے منسلک ہونے ، پیدا ہونے والے فضلے کی مقدار، طبی فضلے کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر اور ان کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے فضلے کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کے بجائے اس کی غیر قانونی خرید و فروخت کرنے والوں کے ٹھکانوں کو سیل کیا جائے ۔ انسینیریٹرز کی تنصیب کے لیے نجی ایسوسی ایشنز سے رابطہ کیا جائے ، جبکہ فیصل آباد کے نجی میڈیکل کالجز کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں تاکہ مزید اقدامات کو عملی شکل دی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...