ڈویژن بھر میں دھان کی موٹی اقسام کی کٹائی میں تیزی
منڈیوں میں اناج کے ڈھیر ،رائس ملز مالکان نے بھی انتظامات مکمل کرلئے
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈویژن بھر میں دھان کی موٹی اقسام کی کٹائی میں تیزی آگئی، منڈیوں میں اناج کے ڈھیر لگ گئے ،رائس ملز مالکان نے بھی انتظامات مکمل کرلئے ۔رواں سیزن میں گوجرانوالہ سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع میں16لاکھ 58ہزار ایکڑ پر دھان کی مختلف اقسام کاشت کی گئی ہیں ان میں7لاکھ ایکڑ پر موٹی جبکہ9لاکھ سے زائد ایکڑ پر سپر باسمتی اور86 کاشت کی گئی ہے ۔ گوجرانوالہ سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع میں دھان کی اگیتی موٹی اقسام کی برداشت میں تیزی آنے سے غلہ منڈیوں میں دھان کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ رائس ملز میں دھان کودھوپ لگانے کے بعد بوریوں میں بھرائی کا آغاز بھی ہو گیا ہے یاد رہے کہ دو تین سال سے چاول کی گرتی قیمتوں کے باعث کسان دھان کی بجائے چارہ جات کی کاشت کی طرف توجہ دینے لگ گئے تھے لیکن گزشتہ سال سے چاول کی قیمت بڑھنے پر دھان کی کاشت میں اضافہ ہوا ہے ۔