فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج، ریلیاں

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج، ریلیاں

مظاہرین اسرائیلی پرچم پائوں تلے روند تے رہے ، اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا،حماس کی تحریک ،مزاحمت اور جدوجہد کی علامت :مقررین

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر،سٹی رپورٹر ) فلسطینی مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے مختلف جماعتوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اورریلیاں نکالیں ،گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی یوتھ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی امیر جماعت اسلامی مظہر اقبال رندھاوا ،سینئر رہنما حافظ حمید الدین اعوان،ضلعی صدر جے آئی یوتھ بشارت علی صدیقی نے کی، ریلی شیرانوالا باغ سے شروع ہو کر سیالکوٹی دروازے پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی،شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پراسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے ، احتجاجی مظاہرین اسرائیلی پرچم پائوں تلے روند تے رہے جبکہ مظاہرین نے پرچم کو نذر آتش بھی کیا، مظہر اقبال رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا،ملک کے اندر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی راہ ہموار کرنا آئین سے غداری ہے ،حماس کی تحریک ،مزاحمت اور جدوجہد کی علامت ہے ، حافظ حمید الدین اعوان اوربشارت علی صدیقی نے کہا کہ فلسطینی بچے ،نوجوان ، خواتین ، اسرائیل کے خلاف جہاد کرکے فرض کفایہ اداکررہے ہیں اور پوری امت کو جدوجہد اور مزاحمت کا پیغام دے رہے ہیں ،ادھر عوامی فورم ڈسٹرکٹ گوجرانولہ کے زیر اہتمام بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس کی قیادت چیئرمین عوامی فورم عمر فاروق ناز نے کی ،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عمر فاروق ناز نے کہا کہ عالم اسلام کے ممالک غفلت کی نیند سوئے ہوئے ہیں، ان کو اب جاگنا ہو اور صلاح الدین ایوبی کی طرح کا کردار ادا کرنا ہوگا ورنہ قیامت کے دن فلسطینیوں کا ہاتھ ہمارے گریبا ن پرہوگا،مختلف شہروں میں میں احتجاج کیاگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں