جلالپورجٹاں:سول ہسپتال میں سہولیات نہ ملنے پر احتجاج

جلالپورجٹاں:سول ہسپتال میں سہولیات نہ ملنے پر احتجاج

مظاہرین کی جانب سے ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور ٹراما سنٹر کے قیام کا مطالبہ

جلالپورجٹاں(نامہ نگار)سول ہسپتال جلالپورجٹاں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کیخلاف ،سول ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور ٹراما سنٹر کے قیام کیلئے سول سوسائٹی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج کیا گیا ،ن لیگ،ق لیگ،پی ٹی آئی اورتاجر برادری کے علاوہ سیاسی،سماجی ،تعلیمی شخصیات اور شہریوں نے بھر پور شرکت کی ۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال کو نظر انداز کرنا اہل جلالپورجٹاں کے بنیادی حقوق نظر انداز کرنے کے مترادف ہے ،سول ہسپتال کو اپ گریڈ اور ٹراما سنٹر کا جلد قیام عمل میں لایا جائے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ لالہ موسیٰ،کھاریاں،ڈنگہ،کنجا ہ جیسے چھوٹے شہروں میں ٹراما سنٹر کی سہولیات میسر ہیں جبکہ گجرات کے بعد آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے شہر جلالپورجٹاں میں سول ہسپتال کو مطلوبہ سہولیات کے سلسلے میں کئی برس سے نظر انداز کر کے اہل جلالپورجٹاں سے سوتیلے پن کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔مقررین کا کہناتھا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو جلد بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائیگا ،مظاہرین نے پریس کلب سے سول ہسپتال تک احتجاج مارچ بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں