ڈویژن کے 50 سی این جی سٹیشنز کو سپلائی بند

ڈویژن کے 50 سی این جی سٹیشنز کو سپلائی بند

ایل این جی کا جہاز آتے ہی گیس بحال کر دی جائیگی :سوئی گیس حکام ، گیس کی بندش سے بہت سارے مزدور بے روزگار ہو جائینگے :صدر سی این جی ایسوسی ایشن

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سی این جی سٹیشنز کو ایل این جی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے گوجرانوالہ ڈویژن کے 50سی این جی سٹیشنزکو غیر معینہ مدت کیلئے گیس کی فراہمی بند کر دی گئی جس کے باعث سی این جی انڈسٹری سے وابستہ افراد میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔ریجن بھر کے تمام سی این جی سٹیشن ایل این جی پر منتقل ہو چکے ہیں ،گوجرانوالہ ریجن میں50سے زائد سی این جی سٹیشن ہیں جن کو ایل این جی فراہم کی جا رہی تھی لیکن گزشتہ روز وزارت پٹرولیم کی جانب سے ملک بھر میں سی این جی سیکٹر کو غیر معینہ کیلئے ایل این جی کی سپلائی روک دی ۔سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ ایل این جی کا جہاز آتے ہی گیس بحال کر دی جائے گی جس کے بعد تمام سٹیشنوں کو گیس بحال کر دی جائے گی۔جنوری کے دوسرے ہفتے میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی شروع کر دی جائے گی۔سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر ندیم خان کا کہنا ہے کہ یہ سی این جی سٹیشن مالکان کے ساتھ زیادتی ہے ،گیس کی بندش سے بہت سارے مزدور بے روزگار ہو جائیں گے کیونکہ وہ ڈیلی اجرت پر کام کرتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں