حافظ آباد:ڈی پی او دفتر کے قریب سٹور پر لاکھوں کا ڈاکا

حافظ آباد:ڈی پی او دفتر کے قریب سٹور پر لاکھوں کا ڈاکا

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد کے گنجان آباد علاقہ گوجرانوالہ روڈ پر ڈی پی او آفس کے قریب جنرل سٹور پر ڈکیتی کی بڑی واردات، تین ڈاکوؤں نے سٹور کے مالک اور گاہکوں سے لاکھوں روپے اور قیمتی سامان لوٹ لیا، ڈاکو لوٹ مار کے بعد خریداری کیلئے آنے والے شہری کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے ۔

 شہر بھر میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی وارداتوں پر شہری، تاجر سراپا احتجاج بن گئے ۔ گزشتہ شب 3 ڈاکو گوجرانوالہ روڈ پر ڈی پی او آفس کے قریب سعید بیکرز و جنرل سٹور میں داخل ہوئے اورسٹور کے مالک فیصل سعیداور خریداروں کو یرغمال بنا کر کاؤنٹر سے 5لاکھ روپے ، سٹور مالک کے بھائی ظہیر احمد سے 15ہزار، خریداروں محمد رضا سے 20ہزار ، احسان اﷲسے ساڑھے 37ہزار روپے اور قیمتی گھڑی، طاہر نواز سے 9ہزار روپے جبکہ د کان سے ڈرائی فروٹ سمیت ہزاروں روپے کا سامان لوٹ لیا۔

ڈاکوؤں نے خریداری کیلئے آنے والے احسان اﷲ سے موٹر سائیکل بھی چھینی اور فرار ہو گئے ۔ ضلع بھر میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث اہلیان حافظ آباد ودیگر مضافاتی علاقہ جات سے ہر مکاتب فکر افراد انتہائی تشویشاش کے عالم میں مبتلا ہیں۔ دوسری جانب ڈی پی او بلال ظفر شیخ کی ہدایت پر واردات کامقدمہ درج کرکے چوکی اے ڈویژن انچارج سہیل اشرف کو معطل کر دیا گیا تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود پولیس ملزموں کا سراغ نہ لگا سکی۔

مزید برآں گزشتہ روز دن دہاڑے ڈی پی او آفس کے سامنے کچھ افراد ہوائی فائرنگ کرکے فرار ہو گئے ۔ ڈی پی او بلال ظفر شیخ نے رابطے پر بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ان کے علم میں نہیں ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں