علی پور چٹھہ:135سال قدیم ریلوے سٹیشن کھنڈر بن گیا

علی پور چٹھہ:135سال قدیم ریلوے سٹیشن کھنڈر بن گیا

علی پور چٹھہ(نامہ نگار)علی پور چٹھہ میں 1887سے قائم ریلوے سٹیشن کھنڈربن گیا ،ریلوے سٹیشن اور گوداموں سے سینکڑوں من لوہا اور سکریپ غائب کر لیاگیا۔

 چاول کی ترسیل بند ہونے سے محکمہ ریلوے کو لاکھوں روپے ماہانہ نقصان ہونے لگا،وزیرآباد ،فیصل آباد ٹرینوں کی بندش سے ٹرانسپورٹروں کی چاندی ہوگئی ۔ریلوے سٹیشن کی 80فیصد عمارت کھنڈر میں تبدیل ہوگئی ، ماضی قریب میں وزیرآباد ،فیصل آباد روٹ پر 25سپیشل ٹرینیں رواں دواں رہتی تھی ۔ ریلوے سٹیشن کے ساتھ گوداموں کی کروڑوں روپے مالیتی چھتیں، لوہے کے گارڈر ،نٹ بولٹ چور اور نشئی افراد اتارکرلے گئے ہیں ،عمارت کا زیادہ تر حصہ منہدم ہو چکا ہے ۔

پانی بجلی و دیگر بنیادی سہولتوں سے عاری مذکورہ سٹیشن کا ایک کمرہ فعال ہے جس میں صرف ایک ملازم پاکستان ایکسپریس ،رحمن باباایکسپریس گزرنے کا انتظار کرتا رہتا ہے ۔ یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ علی پور چٹھہ ضلع گوجرانوالہ میں چاول کی سب سے بڑی منڈی اور کاروبار ی مرکز ہونے کے ناطے شہری بڑی تعداد میں دوسرے شہروں سے آ تے ہیں ۔ ما ضی بعید میں شاہین ایکسپریس ،سمہ سٹہ و دیگر گاڑیاں وزیرآباد فیصل آباد روٹ پر محو سفررہتی تھیں ۔

شہریوں نے وزیرریلو ے سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے سٹیشن علی پور چٹھہ کی ازسرنو تعمیر کرکے شاہین ایکسپریس،سمہ سٹہ و دیگر پسنجر ٹرینوں کو فعال کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں