پرائمری سکول کی عمارت جانوروں کے باڑے میں تبدیل
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )محکمہ تعلیم کی غفلت اور لاپروا ئی کے با عث اہل علاقہ نے پرائمری سکول کی عمارت کوجانوروں کے باڑے میں تبدیل کردیا۔
پسرور کے نواحی گاؤں للیال میں 1990 کی دہائی میں قائم ہونے والے گورنمنٹ پرائمری سکول میں 500 سے زائد طلبہ وطالبات زیر تعلیم تھے ، محکمہ کی غفلت کے باعث سکول کو کئی سال قبل بند کردیا گیا جس کی بنا پر وہاں کے باسیوں نے سکول کو جانوروں کے باڑ ے میں تبدیل کردیا ہے اور مذکورہ گاؤں کے بچوں کو دور دراز سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانا پڑتا ہے ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول للیال کی عمارت کو مرمت کے بعد سکول کا سٹاف فراہم کیا جائے تاکہ ان کے بچے گاؤں میں ہی تعلیم حاصل کرسکیں۔ محکمہ ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ ان کے ریکارڈ میں ضلع سیالکوٹ میں گورنمنٹ پرائمری سکول للیال نام کا کوئی سکول نہیں ہے جس کی بنا پر وہ اسے بحال نہیں کرسکتے تاہم مذکورہ سکول کی عمارت کا سروے کیا جائے گا اور صورتحال کی رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ حکام کو فراہم کی جائے گی، فنڈ فراہم ہونے پر سکول کی عمارت مکمل کرنے کے بعد بحال کردیا جائیگا۔