ایکٹ میں متعدد ترامیم:بلدیاتی اداروں کے افسرو ملازمین پریشان

ایکٹ  میں  متعدد  ترامیم:بلدیاتی  اداروں  کے  افسرو  ملازمین  پریشان

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) لوکل گورنمنٹ کے ایکٹ میں متعدد ترامیم کے باعث بلدیاتی اداروں کے افسر اور ملازمین پریشان ہوکر رہ گئے ۔۔۔

 نئے بلدیاتی نظام کے باعث میٹرو پولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ سمیت ڈویژن کے تمام بلدیاتی اداروں کے بینک اکاؤنٹس عارضی طور پر بند کردیئے گئے اورکروڑوں روپے کی ادائیگی رک گئی جبکہ محکمہ بلدیات نے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کو نئے اکاؤنٹس فعال کرنے کیلئے انتظامات مکمل کرنے کا مراسلہ ارسال کیا ہے اور نگران حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں سمیت کسی بھی قسم کے اخراجات کرنے سے روک دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پرانے بلدیاتی نظام کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن میں35 بلدیاتی ادارے موجود تھے جن میں چھ ضلع کونسلز ،تین میونسپل کارپوریشنز اور26میونسپل کمیٹیاں شامل تھیں مگر نئے بلدیاتی نظام کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن اور گجرات ڈویژن کے سات اضلاع گوجرانوالہ ،سیالکوٹ، گجرات ، منڈی بہاؤ الدین ،نارووال ،وزیر آباد اور حافظ آباد میں بلدیاتی اداروں کی تعداد بڑھ چکی ہے اور میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ ،گجرات اور سیالکوٹ کو میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کا درجہ دیا گیا جس پر پرانے بلدیاتی اداروں کے اثاثہ جات کو نئے بلدیاتی اداروں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا گیا اور نئے بلدیاتی اداروں میں اثاثہ جات منتقل ہونے کے باعث پرانے بلدیاتی اداروں کے نام بینک اکاؤنٹس کو بند کردیا گیا، نگران حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں سمیت دیگر اخراجات کی مد میں کروڑوں روپے کی ادائیگی رک گئی، جس سے افسر ،ملازمین اورٹھیکیداربھی پریشان ہیں اور بعض ٹھیکیداروں نے ترقیاتی کام بھی روک دیئے ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں