بیوی کے قتل کامعمہ حل نہ ہوسکا، انصاف دیاجائے :مدوخلیل کے ذاکرکامطالبہ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) پونے دو سال گزرنے کے باوجودمیری بیوی کے قتل کا مقدمہ درج ہوا نہ ہی موت کا معمہ حل ہوسکا۔۔
انصاف کی تلاش میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے کے باوجود میری غربت میرا مذاق اڑا رہی ہے ۔ مجھے انصاف دیاجائے ،21جون 2021کو رات 10 بجے کے قریب میرے بیٹے کو 1122سے کال آئی کہ آپ کی والدہ فرزانہ بے ہوشی کی حالت گلشن اقبال پارک سے ملی ہے جس کو سول ہسپتال پہنچا دیا ہے ،میرا بیٹا ہسپتا ل پہنچا تو پتہ چلا کہ اس کی ماں اب اس دنیا میں نہیں رہی۔ وجہ موت زہر خورانی بتائی گئی۔ میں ڈھڈیال آزاد کشمیر میں تھا جہاں موبائل سروس نہ ہونے کی وجہ سے مجھے اطلاع نہ مل سکی اور چند روز بعد جب میں واپس گھر آیاتو مجھے اپنی بیوی کی موت کا علم ہوا۔ میں نے علاقہ پولیس سے رابطہ کیا جنہوں نے وقوعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ میں نے اعلیٰ حکام کو پراپرٹی ڈیلر شاہ نواز کے خلاف تحریری درخواستیں ارسال کیں جس کے جواب میں ڈی ایس پی قلعہ دیدار سنگھ سرکل ثناء اللہ ڈھلو نے مجھے بلایا اور اپنی تفتیش میں اس معاملہ کو دیوانی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے اسے ناقابل درست اندازی پولیس قرار دے کر میری درخواست داخل دفتر کردی۔ میری اعلیٰ حکام سے التجا ہے کہ اگر یہ معاملہ دیوانی نوعیت کا ہے تو میری بیوی فرزانہ کی موت کے اسباب و محرکات کا پتہ لگایا جائے ۔