پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کا ’’ورلڈ اینوائرنمنٹ ڈے‘‘پر سیمینار
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام \\\"ورلڈ اینوائرنمنٹ ڈے \\\"کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔۔
جس کے مہمان ِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات گوجرانوالہ محمد امتیاز احمد تھے ، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق ،پرنسپل محمد سلمان ،ڈین شاہد سلیم خواجہ ،انچارج بی ایس پروگرامز شمیم اختر طلبہ و اساتذہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ، مہمانِ خصوصی محمد امتیاز احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا ماحول انسان کی بنیادی ضرورت ہے اس لئے بطور ذمہ دارشہری اور فرد ہمیں چاہیے کہ آلودگی کا سبب بننے والی اشیاء کو ٹھکانے لگایا جائے اور خصوصاً پلاسٹک سے بننے والی اشیاء کا کم سے کم استعمال کیا جائے تاکہ آلودگی سے بچا جا سکے ، دنیا میں 11لاکھ ٹن پلاسٹک روزانہ استعمال ہوتا ہے جو مضرِ صحت اور آلودگی کا سبب بھی ہے ۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق نے کہا کہ انڈسٹریلائزیشن نے جہاں انسان کو سہولیات دی ہیں وہاں آلودگی پیدا کر کے انسانی صحت کو بھی متاثر کیا ہے اس لیے گلوبل وارمنگ انسان کے لیے چیلنج بن کر رہ گئی ہے ، انسان کی بقا ء کے لیے ضروری ہے کہ آلودگی کا سد باب کیا جائے ، آخر میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق نے محمد امتیاز احمد کو کالج کی طرف سے سوئنیر اور شیلڈ دی۔