گیپکو کے تمام فیلڈ سٹورز میں میٹرز کی قلت،ہزاروں نئے کنکشنز التوا کا شکار،صارفین کو مشکلات
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) گیپکو کے تمام فیلڈ سٹورز میں میٹرز کی قلت کے باعث ہزاروں نئے کنکشنزالتوا کا شکار ہوگئے جبکہ خراب اورجھلسنے والے میٹرز کی تبدیلی کیلئے بھی صارفین ذلیل وخوار ہونے لگے ، میٹرز کی کمی کے باعث بجلی کے یونٹس کاریکارڈمرتب کرنے میں بھی دشواری ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع میں گیپکو کے فیلڈ سٹورز میں سنگل اورتھری فیز میٹرز کی قلت سے ہزاروں نئے کنکشنزالتواء کا شکارپڑے ہیں ،ہزاروں صارفین نے ڈیمانڈنوٹسزجمع کروائے ہیں لیکن دو سے تین ماہ گزرنے کے باوجودکنکشنز کی تنصیب نہیں ہوسکی، سینکڑوں میٹرز خراب اورجھلس گئے ہیں جن کی بروقت تبدیلی نہ ہونے سے صارفین بجلی سے محروم ہیں اورمیٹرزکے حصول کیلئے سفارشوں کے ساتھ ساتھ دفاترکے چکرکاٹنے پرمجبور ہیں ،شہریوں کے احتجاج اورریڈنگ متاثرہونے سے گیپکو افسر بھی پریشان ہیں اورانکا کہناہے کہ ہرسب ڈویژن کے 200کے قریب میٹرز کی ترسیل تاخیر کاشکار ہے جبکہ گیپکو حکام کا کہنا ہے کہ میٹرز کی خریداری کرلی ہے ،جلد میٹرز کی ترسیل کردی جائیگی۔