گیپکو ہیڈ کوارٹر میں آن لائن کچہری ،صارفین کی شکایات سنیں

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں گیپکو ہیڈ کوارٹر میں آن لائن کچہری کا انعقاد کیا گیا، آن لائن کچہری کے دوران جنرل منیجر آپریشن رانا اشتیاق احمد نے فیس بُک پر براہ راست صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات سُنیں اور اُن کے حل کیلئے موقع پرمتعلقہ افسروں کو ہدایات بھی جاری کیں۔
اس موقع پر انہوں نے صارفین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالات چاہے کیسے بھی ہوں گیپکو نے ہمیشہ صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے ، اب صارفین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے واجبات بروقت ادا کریں تاکہ انہیں سستی، معیاری اور مسلسل بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ توانائی کی ہدایت پر گیپکو میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج موصول ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں گیپکو کے ایک لاکھ روپے سے اوپر والے بڑے ڈیفالٹرز کی لسٹیں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز/ ریکوری تحصیلداروں کے حوالے کر دی گئی ہیں اور کئی بجلی چوروں اور عادی نادہندگان کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے ہیں۔انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ ایسے تمام صارفین جن کے کنکشنز بجلی چوری یا عدم ادائیگی کے باعث منقطع کر دیئے گئے ہیں انہیں بجلی کی سپلائی نہ دیں ورنہ ان کے کنکشن بھی کاٹ دیئے جائیں گے ۔آن لائن کچہری کے دوران ریجن بھر سے متعدد صارفین نے اپنے بجلی سے متعلق مسائل بیان کئے جن کے حل کیلئے جنرل منیجر آپریشن رانا اشتیاق احمد نے موقع پر احکامات جاری کئے ۔