اراضی ریکارڈ سنٹر کے معاملات خراب،شہری سراپا احتجاج

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )اراضی ریکارڈ سنٹر ، دیہی مراکز مال اور ریونیو افسروں کی عدم دستیابی ، غیر ذمہ داری ار اختیارات کے ناجائز استعمال سے شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔۔۔
سائلین کو بلاوجہ خوار کرنا معمول بن گیا ، حکومت اور ضلعی انتظامیہ پٹواریوں کو تحصیل سطح پر اکھٹا کرنے میں ناکام ہو گئی ، سیالکوٹ میں ریونیو کے مسائل میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہری اپنی قیمتی جائیدادوں کی منتقلی ، سرکاری ریکارڈ کے حصول اور تقسیم میں بے شمار مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔ ریونیو عملہ کی جانب سے صرف لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے ۔ عرصہ دراز سے تعینات پٹواری ، ریونیو افسروں ، ایس سی اوز ، سنٹر انچارج ، رجسٹری محرر ، نائب قاصد و دیگر افراد نے رجسٹرڈ حقدار کو خوار کرنا معمول بنا لیا ہے ۔ریونیو افسر معمولی غلطیوں کی درستگی کی بجائے حقدار سائلین کو خوار کرتے ہیں ۔اراضی ریکارڈ سنٹر ، ماڈل رجسٹریشن سنٹراور دیہی مراکز مال میں پٹواری اور دیگر ریونیو افسر اپنی سیٹوں سے غائب رہتے ہیں اور اگر اپنی سیٹوں میں مل بھی جائیں تو سائلین کو رشوت نہ دینے پر مسلسل کئی کئی ماہ خوار کیا جا تا ہے۔ اہلیان سیالکوٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے مسائل کے خاتمہ کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔