پتنگیں اڑانے،بیچنے پر 30 دن جیل

پتنگیں  اڑانے،بیچنے  پر  30 دن  جیل

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ پولیس نے پتنگ بازی کرنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔۔۔

ملزموں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا بلکہ 3 ایم پی او کے تحت 30 دن کیلئے جیل بھجوایا جائیگا ، سی پی او گوجرانوالہ کی جانب سے کائٹ فلائنگ مانیٹرنگ ونگ بھی تشکیل دے دیا گیا ۔ ضلع گوجرانوالہ میں پتنگ بازی جیسا خونی کھیل جاری ہے آئے روز ڈور پھرنے سے شہری زخمی ہو رہے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں فلائی اوور سے جاتے ہوئے گلے پر ڈور پھرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق بھی ہو گیا تھا جس کے بعد پولیس افسر وں نے پتنگ بازی کو روکنے کیلئے میٹنگ کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو بھی پتنگ باز یا پتنگ فروش پکڑا جائے گا اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے 3 ایم پی او کے تحت اسے 30 دن کیلئے نظر بند کر دیا جائے گا ۔اس حوالے سے سی پی او ایاز سلیم کا کہنا تھا کہ شہریوں کی زندگی سے کھیلنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ،پتنگ بازی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں جن کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا تھا تو وہ دوسرے دن ضمانت کرا لیتے تھے ۔دوسری جانب پتنگ بازوں کی مانیٹرنگ کرنے کیلئے پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک ونگ تشکیل دیا گیا ہے جنہیں ڈرون کیمروں سمیت ہر طرح کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ پتنگ بازوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لا ئی جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں