وزیر آباد سیالکوٹ روڈ پر سوہدرہ تک8 کلو میٹر بائی پاس کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع

وزیر آباد سیالکوٹ روڈ پر سوہدرہ تک8     کلو میٹر بائی پاس کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع

وزیرآباد(نا مہ نگار )مولانا ظفر علی خان بائی پاس سے سیالکوٹ روڈ پر سوہدرہ تک 8 کلومیٹر بائی پاس روڈ کی تعمیر پر کام شروع کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر وزیرآباد عمرفاروق وڑائچ نے سائٹ کا دورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا،اس سڑک کی تعمیر سے وزیرآباد سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے درمیان فاصلہ سمٹ جائیگا۔ڈپٹی کمشنر کے دورہ کے دوران ایکسین ہائی وے کاشف مرتضیٰ رانجھا ،ایس ڈی او عامر منیر چیمہ،سب انجینئر ضیغم اکرام و دیگر بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مولانا ظفر علی خان چوک سے سیالکوٹ روڈ تک سڑک تعمیر ہوگی جس سے شہر میں ٹریفک کا بوجھ کم ہوگا ، نہ صرف مسافر کم وقت میں اپنی منزل پر پہنچ سکیں گے بلکہ بڑے صنعتی شہروں وزیرآباد اور سیالکوٹ کے صنعتکاروں کو بھی فائدہ ہو گا جن کا سازوسامان بغیر کسی رکاوٹ کے منزل مقصود تک پہنچے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تیزی لائی جائے ۔ شہریوں جمیل چیمہ ،طارق گھمن ، غضنفر چیمہ ،نذر محمد چیمہ و دیگر نے روڈ کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کام جلد مکمل ہونیکی توقع کا اظہار کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں