الیکشن وقت پر ہونگے ،نواز شریف کو فیور دی جارہی:کائرہ
منڈی بہائوالدین(نامہ نگار )پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماسابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کسی جماعت کو طاقت کے زور پر سیاسی عمل سے باہر نہیں کرنا چاہیے۔۔۔
پاکستان میں سب کو سیاست کرنے کا حق ملنا چا ہیے ،الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے ، میاں نواز شریف کو لندن روانگی کے وقت سے ہی فیور دی جارہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤالدین کے مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ ن کے ضلعی کنو ینئر مشاہد رضا امیدوار قومی اسمبلی کی بھتیجی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت کئی لوگوں کا شکوہ ہے کہ انہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ اگر کیسز میں ملوث ہیں تو کیسز جلد ٹرائل ہونے چاہئیں،جزا سزا کا فیصلہ عدالتوں سے ہونا چا ہیے ، اگر کسی نے قانون توڑا ہے تو شفاف طریقے سے کارروائی ہو۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسی جماعت سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کررہی، ق لیگ، آئی پی پی، ایم کیو ایم سے ایڈجسٹمنٹ کیسے ہوتی ہے یہ بتانے کی ضرورت نہیں،قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کے سہارے کے علاوہ کبھی کوئی سہارانہیں لیا، پیپلز پارٹی کو کبھی الیکشن کے بعد تو کبھی الیکشن سے پہلے دھاندلی کا سامنا کرنا پڑا،اس موقع پرپیپلزپارٹی کے رہنماندیم افضل چن بھی موجودتھے ۔