بہترین کارکردگی پر گیپکوملازمین کو تعریفی اسناد و انعام دیاگیا

 بہترین کارکردگی پر گیپکوملازمین کو تعریفی اسناد و انعام دیاگیا

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ملازمین کمپنی کا سرمایہ ہیں انکی حوصلہ افزائی کیلئے ضروری اقدامات اُٹھاتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ پیچھے رہ جانے والے ملازمین میں جذبہ مسابقت کو فروغ ملے لہذا ہر کوئی پہلے سے بہتر پرفارم کرنے کی جدو جہد کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ریجن میں جاری حالیہ ریکوری مہم کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو تعریفی اسناد و نقد انعام دینے کی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ وزارتِ توانائی کی ہدایت پرگیپکو ریجن بھر میں ستمبر سے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کی جاری مہم کے دوران اب تک عادی اور پُرانے 84ہزار سے زائد نادہندگان سے ایک ارب 27 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے جو کہ گیپکو کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی خدمات کو سراہنے سے کمپنی میں مسابقت کا جذبہ پیداہوتاہے اور لوگ مزید محنت سے کام کرتے ہیں اور وہ آئندہ مزید محنت اور جانشفانی سے کام کریں کرتے ہیں۔جہاں ایک طرف غلط کام کرنے والوں سے سزا کا تصور ہے وہیں اچھا کام کرنے والوں کیلئے شاباش بھی نہایت ضروری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں