گجرات :اندھے قتل کی واردات ٹریس ،2 ملزم گرفتار

گجرات :اندھے قتل کی واردات ٹریس ،2 ملزم گرفتار

گجرات(سٹی رپورٹر،نامہ نگار )تھانہ صدر نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کرلی،گزشتہ ماہ لوراں کے قریب سے ملنے والی نامعلوم لاش کی شناخت کرلی گئی، پولیس نے ملزموں کو گرفتار کرلیا ،ایک شخص کو کار اور رقم ہتھیانے کے لئے قتل کیا گیا۔

گزشتہ ماہ تھانہ صدر گجرات کے علاقہ لوراں کے قریب سے نامعلوم مرد کی لاش برآمد ہوئی جس کو بذریعہ فائرنگ قتل کیا گیا تھا، پولیس نے ناقابل شناخت لاش قبضہ میں لے کر نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ لاش کی شناخت کے لئے سوشل میڈیا پر اشتہارجاری کئے گئے ۔ بعد ازاں موضع سدھ کے رہائشی مقتول کے بیٹے عمران خان نے لاش کی شناخت 60سالہ خادم حسین کے نام سے کرلی جو گاڑیوں کی خریدو فروخت کا کاروبار کرتا تھا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر عمران سوہی کی سربراہی میں ٹیم نے اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کرکے سفاک قاتلوں کو گرفتار کرلیا ،گرفتار ملزموں میں احمد فراز اورآفتاب خضر سکنہ فتح پور شامل ہیں۔ ملزموں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی مقتول کے ساتھ شناسائی تھی اور انہوں نے مقتول سے کار اور رقم ہتھیانے کیلئے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور لاش کو فتح پور روڑ پر لوراں کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دیا اور بعد ازاں کار اور رقم سمیت روپوش ہوگئے ۔تفتیشی ٹیم نے ملزموں سے آلہ قتل پسٹل ، کار ، موبائل فون اور رقم برآمد کرلی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں