مادری زبان پنجابی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب

مادری زبان پنجابی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )مادری زبان پنجابی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیاگیا، سانجھ پنجابی بیٹھک سیالکوٹ کے زیر اہتمام سیالکوٹ میں مادری زبان پنجابی کے عالمی دن کو شایان شان طریقے سے منایا گیا۔

اس سلسلے میں مادری زبان کے عالمی دن کے حوالے سے جناح اسلامیہ کالج کے جناح ہال میں تقریب منعقد ہوئی۔ سانجھ پنجابی بیٹھک اور بزم عرفان سخن کے زیر اہتمام پنجابی مشاعرہ اور پنجابی زبان کی اہمیت پر گفتگو بھی کی گئی۔جس میں مختلف شعراء نے اپنے اپنے پنجابی کلام پیش کیے اور شرکاء سے خوب دادوصول کی۔ پروگرام میں ریسکیو 1122سیالکوٹ کی خدمات کے اعتراف میں ریسکیو آفسیرز ، ریسکیورز اور ریسکیو محافظین کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں پرنسپل اسلامیہ کالج مجاہد حسین بخاری ، ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد، ڈسٹرکٹ ا یمرجنسی آفیسر سیالکوٹ انجینئر نوید اقبال ، سابقہ ایجوکیشن آفیسر مقبول احمد شاکر ، ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ اوردیگرنے بھی شرکت کی ۔ سانجھ پنجابی بیٹھک کے صدر و بانی ظفر بٹ نے تمام معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ماں بولی زبان پنجابی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل اسلامیہ کالج پروفیسر مجاہد حسین بخاری نے کہا کہ ہمیں اپنی ماں بولی زبان پنجابی کا پرچار کرنا چاہیے اور مقتدر حلقوں سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ پنجابی زبان کے پرچار کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں، پروگرام میں ریسکیو آفیسر و آفیشلز اور ریسکیو محافظین کی خدمات کے عوض ان کو اعزازی شلیڈوں سے بھی نوازا گیا جبکہ پروگرام کے اختتام پر پنجابی زبان کے فروغ و اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ریلی بھی نکالی گئی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں