حافظ آباد:متعدد محلوں میں کئی کئی فٹ گنداپانی کھڑا
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا) حافظ آباد کے محلہ حسن ٹاؤن ، مبارک کالونی اور بہاولپور ہ کے مکین گلیوں میں کئی کئی فٹ گنداپانی کھڑا ہونے اور علاقہ میں صفائی ستھرائی نہ کروائے جانے پر ایڈمنسٹریٹر امتیاز بیگ اور چیف آفیسرمیونسپل کمیٹی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔
علاقہ مکینوں نے گلیوں میں کئی روز سے مسلسل گنداپانی کھڑا ہونے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان روڈ، حسن ٹاؤن، مبارک کالونی اور محلہ بہاولپور ہ میں گلی مسجد حیدریہ والی سمیت متعدد علاقے گندے پانی میں ڈوب چکے ہیں لیکن ایڈمنسٹریٹر امتیاز بیگ اور چیف آفیسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد سے مطالبہ کیا کہ وہ حسن ٹاؤن، مبارک کالونی کے علاقوں کا دورہ کرکے علاقہ کو جوہڑ میں تبدیل ہونے سے بچائیں وگرنہ علاقہ مکین فوارہ چوک میں احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہونگے ۔