ڈویثرن کی سینکڑوں فرنچائزز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا حکم

ڈویثرن کی سینکڑوں فرنچائزز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا حکم

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گوجرانوالہ ڈویژن کی سینکڑوں مختلف فرنچائز ٹارگٹ سے کم فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ،سیلز ٹیکس اوردیگرٹیکسز کی ادائیگی کرنے لگے۔۔

 جس پر ایف بی آر نے نوٹس لیتے ہوئے فوڈ آئٹمز،فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس،سویٹ شاپس، بیکریوں، ہوٹلوں، سکولز،کالجز اور موبائل فونز کی فرنچائزز کا ریکارڈ جمع کرنے اور انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کا حکم دے دیا ۔ ڈویژن بھر میں فرنچائزز کی تعداد ہزاروں میں ہے ۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین کے ٹیکس افسروں کو جاری مراسلے میں ہدایت کی کہ ایف بی آر کے ریونیو ایکٹ کے تحت فرنچائزز پرفیڈرل ایکسائز ٹیکس اور سیلز ٹیکس لاگو ہوتا ہے لیکن ریکارڈ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کئی فرنچائزز ٹیکس ادا نہیں کرتیں یا فرنچائزز بہت کم ٹیکس دیتی ہیں جس وجہ سے مطلوبہ ٹارگٹ پورا نہیں ہوتا۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں ایک جامع سروے کیا جائے اور تمام فرنچائزز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ۔ ایف بی آر کی ہدایات پر آر ٹی او گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے چیف کمشنرز نے انکم ٹیکس انسپکٹرز اور آڈیٹرز کی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو اپنے اپنے علاقے کا سروے کرینگی ۔ جوفرنچائز زٹیکس جمع کروارہی ہیں ان کو کلیئر کردیا جائے گا اور جو ٹیکس نیٹ میں نہیں یا کم ٹیکس ادا کرتی ہیں ان کے مالکان کو باقاعدہ نوٹس جاری کئے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں