سیالکوٹ:گیپکو حکام بجلی چوری روکنے میں ناکام

 سیالکوٹ:گیپکو حکام بجلی چوری روکنے میں ناکام

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیالکوٹ کے متعدد علاقوں میں بجلی چوری کے واقعات میں اضافہ ،گیپکو حکام بجلی چوری روکنے میں ناکام ، لائن لاسز بڑھنے کے باوجود گیپکواقدامات نہ اٹھا سکا ۔

سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں پسرور ، ڈسکہ ،سمبڑیال اور سیالکوٹ میں بجلی چوری کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ گیپکواہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے با اثر بجلی چور عرصہ دراز سے بجلی چوری میں مصروف ہیں اور بجلی چوری کر کے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔ شہریوں رانا قیصر اختر ، چودھری نواز کوہاڑ ، فرید عالم بھٹی ، عرفان انور دیال ، چودھری محسن جٹ ایڈووکیٹ، انوارعظیم جنجوعہ ، زاہد شریف ، ہارون گل ، میاں محمد ندیم ، رانا محمد یاسین اور دیگر کا کہنا ہے کہ حکومت گیپکو کے کہنے پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے مہنگائی سے ستائے عوام کا جینا مشکل کر رہی ہے جبکہ بجلی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کو نہیں روکا جا رہا ۔ سیالکوٹ کے دیہی ، شہری علاقوں اور محلوں میں اہلکاروں کی آشیر باد سے بجلی چوری ہو رہی ہے ، اکثر اوقات نشاندہی کے باوجود بجلی چوری نہیں روکی جاتی ۔ بجلی چوروں کے اعلیٰ سطح پر افسر وں سے تعلقات ہوتے ہیں جس کی وجہ سے کارروائی بھی نہیں ہوتی ۔ واپڈا سب ڈویژن پسرور روڈ ، نیکا پورہ ، کوٹلی لوہاراں ، ڈالووالی ، سید پور اور دیگر سینکڑوں علاقوں میں مسلسل بجلی چوری کی جا رہی ہے ۔ بیشتر اہلکار خود واپڈا کے میٹر خراب کر کے شہریوں کو بجلی استعمال کرنے مواقع دے رہے ہیں بعدازاں ملی بھگت کر کے نیا میٹر لگاتے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے بجائے بجلی چوروں کو گھیرا تنگ کرے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسر وں کو عہدوں سے ہٹایا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں