حافظ آباد میں صاف ستھرا پنجاب مہم تصاویر تک محدود

حافظ آباد میں صاف ستھرا پنجاب مہم تصاویر تک محدود

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ‘‘صاف ستھرا پنجا ب ’’ مہم حافظ آباد میں صرف ایک تصویری مہم بن کر رہ گئی۔

ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی صفائی ستھرائی کی مہم کوچند علاقوں تک مخصوص کرکے تصویری مہم چلا کر حکومتی احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا گیا۔شہر بھر کے مختلف علاقوں میں کوڑے کے ڈھیر تعفن کا باعث بننے لگے ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مہم کو فعال بنانے کی ہدایت کی توضلعی انتظامیہ نے شہر کے چند علاقوں کی صفائی ستھرائی کیلئے مشینری اور عملہ لگا کر مہم کو کامیاب دکھانے کیلئے سوشل میڈیا پر اپنی نام نہاد سرگرمی کی تصاویر لگا کر مہم کی کامیابی کا اعلان کر دیا جبکہ باقی شہرکے مختلف علاقوں میں کوڑے کے ڈھیر جوں کے توں ہیں۔ گڑھی اعوان، محلہ شیر پورہ، ساگر روڈ،بہاولپورہ شرقی، بہاولپورہ غربی، محلہ مصری خاں، محلہ ڈہاب والہ، محلہ میاں دا کوٹ ، علی پور روڈ، گوجرانوالہ روڈسمیت دیگر علاقوں میں عرصہ دراز سے گندگی کے ڈھیر تعفن پھیلا رہے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے نمازی مساجد میں جانے سے قاصر ہیں،کھلے مین ہولز کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مہم کے ساتھ مذاق کرنے والے ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں