خاکروب عیدی لے کر غائب ،ڈسکہ کے گلی محلے کوڑے کا ڈھیر

خاکروب عیدی لے کر غائب ،ڈسکہ کے گلی محلے کوڑے کا ڈھیر

منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار) ڈسکہ شہر کی گلی محلوں اور سڑکوں کی صفائی کرنیوالے خاکروب شہریوں سے عید ی لیکر چلے گئے ، واپس نہ آنے کی وجہ سے گلی محلوں اورسڑکوں پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور گٹروں نالیوں کاپانی کھڑا ہوگیا۔

میونسپل کمیٹی ڈسکہ سے ماہانہ تنخواہیں لینے والے خاکروب جوکہ گلی محلوں اور سڑکوں کی صفائی ستھرائی کرتے ہیں وہ ہر گلی محلہ کے گھروں اور سڑکوں کے دکانداروں سے ماہانہ فیس بھی لیتے ہیں، اس بار یہ خاکروب جو گلی محلوں اورسڑکوں کی صفائی ستھرائی کرتے ہیں انہوں نے ہر گھرسے عید سے قبل ہی عیدی وصول کرلی اور واپس ڈیوٹیوں پر نہ آئے ،عید کے دنوں میں ان خاکروبوں کے نہ آنے کی وجہ سے ہرگلی محلہ اور سڑکوں پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور گٹرو ں نالیوں کاپانی کھڑا ہے ۔شہریوں نے عید ان کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں اور گٹروں نالیوں کے پانی سے گزر کرگزاری ،پہلے بھی یہ کئی کئی ہفتے گلی محلوں میں نہیں آتے اگر ان سے نہ آنے کی وجہ پوچھی جائے تو یہ کہہ کرٹال دیتے ہیں کہ افسروں نے باہر سڑکوں پر کام پرلگادیاتھا، ان خاکروبوں نے اپنی روٹین بنارکھی ہے کہ ہرمہینہ میں ایک یا دو بار آنا ہے اور ہر گھرسے فیس اکٹھی کرکے چلے جاناہے ۔شہریوں نے بتایاکہ کئی بار چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ عبدالحئی کو اس کے بارے میں شکایت کرچکے ہیں کہ گلی محلوں میں صفائی کرنیوالے خاکروب میونسپل کمیٹی ڈسکہ سے ماہانہ ہزاروں روپے تنخواہیں لینے کے باوجود ہرگھرسے فیس اکٹھی کرتے ہیں مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اور الٹا ان کی سرپرستی کرنے میں مصروف ہیں ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔ رابطہ کرنے پر میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں نے بتایاکہ شہری خود شوق سے خاکروبوں کو پیسے دیتے ہیں ہم تو نہیں کہتے انہیں پیسے دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں