منافع خور بے لگام،مرغی کا گوشت 830روپے کلو بکنے لگا

منافع خور بے لگام،مرغی کا گوشت 830روپے کلو بکنے لگا

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )عید کے موقع اور چھٹیوں میں منافع خور بے لگام ہوگئے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دستیابی کے باعث فارمی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا گیا۔۔۔

 فارمی مرغی کا گوشت 830 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہوتارہا۔سیالکوٹ میں برائلر گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے عید سے دو روز قبل انتظامیہ کی جانب سے برائلر مرغی کا کاروبار کرنے والوں کے ساتھ میٹنگ کر کے قیمت 634 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی لیکن چاند رات عید کی چھٹیوں میں مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں نے اپنے ریٹ مقرر کر لئے ۔ فارمی مرغی کا گوشت 830 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہو تا رہا جس کے باعث غریب آدمی کیلئے مرغی کا گوشت کھانا مشکل ہو گیا۔ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں نے خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چار روز قبل مرغی کا گوشت 640 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہا تھا لیکن اب کوئی 750 اور کوئی 830 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہا ہے ۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو چاہیے کہ وہ مرغی کا گوشت مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ دوسری طرف مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں مرغی مہنگی مل رہی جبکہ پولٹری فارمز سے مرغیاں مل ہی نہیں رہیں جس کیوجہ سے ریٹ بڑھے ہیں، مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ سے وہ بھی پریشان ہیں کیونکہ ان کی سیل بہت کم ہوگئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں