گندم خریداری ، ضلع گوجرانوالہ میں 11 سنٹرز قائم

گندم خریداری ، ضلع گوجرانوالہ میں 11 سنٹرز قائم

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ضلع انتظامیہ کی جانب سے گوجرانوالہ کیلئے رواں سال چھ لاکھ پچاس ہزار بوری گندم خریداری کا ہدف مقرر کر کے 11خریداری مراکز قائم کر دیئے گئے ،جہاں باردانہ کی فراہمی کے لئے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع ہوگیاہے ۔

بتایا گیا ہے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے گندم خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے ،بھر میں 11خریداری مراکز قائم کر کے کسانوں سے باردانہ کی وصولی کا عمل شروع کر دیا گیا،جس میں سے تین سنٹرز گوجرانوالہ شہر،دو گوجرانوالہ صدر ،دو کامونکی جبکہ چار سنٹرزنوشہرہ ورکاں میں بنائے گئے ہیں ۔کسان گھر بیٹھے آن لائن درخواست بھی جمع کرواسکتے ہیں،اس کے علاوہ زیر دستخطی بھی سنٹر میں جا کر درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے ۔ گوجرانوالہ کیلئے رواں سال 65ہزار ٹن (چھ لاکھ پچاس ہزار بوری) گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ کسانوں سے درخواستوں کی وصولی کا عمل گزشتہ روز شروع کیا گیا ہے جو کہ 17اپریل تک جاری رہے گا ۔کسانوں کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد باردانہ کا اجرا شروع کر دیا جائے گا۔ حکومت پنجاب نے گندم کا اس سال کیلئے ریٹ 3900روپے مقرر کیاہے ۔ فی ایکڑ اراضی کے مالک کسان کو سو کلو والی چھ بوریاں جبکہ پچاس کلووالے بارہ تھیلے دیئے جائیں گے ۔ ڈسٹر کٹ فوڈ کنٹرولر ملک زمان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے گندم خریداری کے حوالے سے جو پالیسی جاری کی ہے اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے کسی کو گندم کی غیر قانونی طور پر ذخیرہ اندوزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ،خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذخیرہ شدہ سٹاک قبضہ میں لے لیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں