بغیر نقشہ ، سرکاری فیس کمرشل عمارتوں کی تعمیر جاری

بغیر نقشہ ، سرکاری فیس کمرشل عمارتوں کی تعمیر جاری

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹرکی سرپرستی میں بغیر نقشہ کے کمرشل عمارتوں کی تعمیر جاری،بھاری نذرانہ لے کر عمارت تعمیر کرنے کی کھلی چھٹی دے دی گی۔

محکمہ کو فیسوں کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان کا سامنا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ بلڈنگ انسپکٹر سبحان رشید نے اپنے علاقے میں پرائیویٹ اہلکاروں کے ساتھ ملکر کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔پرائیویٹ اہلکار بلڈنگ انسپکٹر کے اختیارات استعمال کرنے لگے ۔وحدت کالونی ،پیپلز کالونی،کشمیر روڈ ،سیالکوٹ روڈ ،سیٹلائٹ ٹاؤن، فتومنڈ سمیت دیگر علاقوں میں اگر کوئی گھر تعمیر ہو رہا تو پرائیویٹ اہلکار فوراً وہاں پہنچ جاتے ہیں اور اپنا تعارف کارپوریشن کا کرواکر شہریوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں اور ان سے رقم لے کر رفو چکر ہوجاتے ہیں۔جبکہ انہی علاقوں میں بغیر نقشہ اور سرکاری فیسوں کے کمرشل عمارتوں کی تعمیر جاری ہے ۔جو فیس نہ دے تو اس کے خلاف متعلقہ تھانے میں استغاثہ دے دیتے ہیں۔کچا ایمن آباد روڈ پر بغیر نقشہ اور سرکاری فیسوں کے پلازہ کی تعمیر جاری ہے اسی طرح دیگر علاقوں میں کمرشل عمارتیں اور پلازے بنائے جا رہے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر کاروائیاں کی جارہی ہیں چند عناصر الزام تراشی کررہے ہیں کنورژن فیسوں اور کمرشلائزیشن فیسوں کی ریکوری میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں