قتل کے مجرم کو 7 سال قید ، دیت کی ادائیگی کا حکم

قتل کے مجرم کو 7 سال قید ، دیت کی ادائیگی کا حکم

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے قتل کے مقدمہ میں مجرم کو دیت کی ادائیگی کا حکم دیدیا ۔

مجرم شفیق احمد کو 7 سال قید بھی بھگتنا ہو گی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید اقبال وڑائچ نے تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ کے قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم شفیق احمد کو 7 سال قید اور دیت کی رقم مقتول شہزاد سلیم کے شرعی ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیا ۔ فاضل جج کے حکم پر ہتھکڑی میں جکڑے مجرم کو سزا بھگتنے کے لئے جیل بھجوا دیا گیا ۔ تھانہ سبزی منڈی میں 9 نومبر2022 کو درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق مختار کالونی میں شفیق احمد نے معمولی لڑائی پر طیش میں آ کر اینٹ کا وار کر کے شہزاد سلیم کو قتل کیا تھا ۔ عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ چونکہ مجرم کا شہزاد سلیم کو قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہ تھا اس لئے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 316 کے تحت سزا دی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں