لائن لاسز میں اضافہ ، گیپکو خسارہ 11 ارب سے تجاوز

لائن لاسز میں اضافہ ، گیپکو خسارہ 11 ارب سے تجاوز

سیالکوٹ (عمر فاروق ) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی خسارہ لائن لاسز میں خطرناک حد تک اضافہ،خسارہ گیارہ ارب سے تجاوز کرگیا۔ روزنامہ دنیا کو حاصل ہونیوالی دستاویزات کے مطابق۔۔۔

 اپریل میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کو 21کروڑ گیارہ لاکھ ستر ہزار یونٹس کے لائن لاسز ہوئے جس کی مالیت گیارہ ارب 61کروڑ 43 لاکھ 50ہزار روپے بنتی ہے ۔گوجرانوالہ سرکل ون نے اپریل کے دوران 208.20 ملین یونٹ نیشنل گرڈ سٹیشن سے وصول کئے جبکہ 155.98ملین یونٹ کی بلنگ کی اور اسے پانچ کروڑ 22لاکھ 20ہزار یونٹس کے لائن لاسز ہوئے جس کی مالیت دو ارب 87کروڑ 21لاکھ روپے بنتی ہے ۔ گوجرانوالہ سرکل ٹو میں چھ کروڑ 10لاکھ 20 ہزار یونٹس کا نقصان ہوا جس کی مالیت ایک ارب 48کروڑ 83لاکھ 56 ہزار ایک سو روپے بنتی ہے ۔ گجرات سرکل کو دو کروڑ 70لاکھ 90ہزار یونٹس کا خسارہ ہوا جس کی قیمت ایک ارب 53کروڑ 45لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔ سیالکوٹ سرکل نے اپریل کے مہینہ میں 144.66ملین یونٹس خرید کئے اور 109.94ملین یونٹس فروخت کئے اس طرح اسے ایک ارب 21کروڑ 82لاکھ 50ہزار روپے خسارہ برداشت کرنا پڑا۔ نارووال سرکل کو 72کروڑ 38لاکھ روپے کا خسارہ ہوا جبکہ منڈی بہاؤ الدین سرکل کا خسارہ 20.75فیصد رہا۔ کمپنی سے اعلیٰ عہدہ پر ریٹائر ہونے والے سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کمپنی 2014ء سے بڑے لاسز کا سامنا ہے اور گیپگو افسر لائن لاسز کو پورا کرنے کیلئے ماتحت افسروں کو استعمال کرتے ہیں او ر لائن لاسز کو پورا کرنے کے لئے ڈیٹیکشن بل سمیت اووربلنگ ،ایم ٹی اووربلنگ اور دیگر کئی اقسام کی ہیرا پھیری کے ذریعے 9.20فیصد لائن لاسز ظاہر کئے جاتے ہیں۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سمیت ماتحت افسر خسارہ کم کرنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے گئے ہیں اور فیڈ میں کام کرنے والے ایس ڈی اوز پر پریشر بڑھا رہے ہیں کہ وہ اوور بلنگ کریں وگرنہ انہیں شوکاز نوٹسز کے ساتھ ساتھ عہدوں سے ہٹادیا جائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں