اگیگا پنجاب کا اجلاس، مشاورتی کمیٹی کی تشکیل نو کی گئی

 اگیگا پنجاب کا اجلاس، مشاورتی کمیٹی کی تشکیل نو کی گئی

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات و پریس سیکرٹری اگیگا پنجاب محمد امتیاز طاہر کی پریس ریلیز کے مطابق اگیگا پنجاب کا ایک اہم اجلاس گورنمنٹ ہائی سکول مری میں ہوا۔

اجلاس کی میزبانی کے فرائض راجہ طاہر صدر اگیگا پنجاب نے سر انجام دئیے ۔اجلاس میں شامل تمام تنظیموں کے صدور و دیگر عہدے داران نے شرکت کی، اجلاس میں سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل پر گفتگو اور ان کے حل کے لیے احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے کے علاوہ اگیگا کی بھی تشکیل نو کی گئی، فیصلہ کیا گیا کہ سینئر نائب صدر رخسانہ انور بطور قائم مقام چیئرمین اپنے فرائض سر انجام دیں گی اور منتخب صدر پپلا فائزہ رعنا بطور سینئر نائب صدر اگیگا پنجاب مقرر کیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ اگیگا پنجاب کی مشاورتی کمیٹی کی بھی تشکیل نو کی گئی جو رخسانہ انور ،چودھری سرفراز ، بشیر وڑائچ ،ندیم اشرفی ،رخسانہ انور،راجہ طاہر،فائزہ رعنا اور کاشف شہزاد پر مشتمل ہوگی یہ کمیٹی باہمی مشاورت سے فیصلے کرے گی،اجلاس کے اختتام پر قائم مقام چیئرمین رخسانہ انور نے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ طے پایا کہ اداروں کی نجکاری کے خلاف، لیو ان کیشمنٹ کے ظالمانہ نوٹیفکیشن کے خلاف، پے پروٹیکشن اور دیگر مطالبات کے لیے 4جولائی کو پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹر پر احتجاج کیا جائے گا اور 25 جولائی کو ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ کے دفتر کے سامنے پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین اگیگا پنجاب کے زیر اہتمام احتجاج کریں گے اور تا دم تسلیم مطالبات احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں