فوڈاتھارٹی کی کارروائی،500کلو غیر معیاری اچار تلف

فوڈاتھارٹی کی کارروائی،500کلو غیر معیاری اچار تلف

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)خوراک کے نام پر بیماریاں بانٹنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروا ئیاں جاری ہیں۔۔۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گوجرانوالہ کے علاقے کھیالی میں واقع اچار یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 500کلو غیر معیاری اور فنگس زدہ اچار تلف کرکے بھاری جرمانہ عائد کردیا جبکہ دوسری جانب منڈی بہاؤالدین کے علاقے بوسال میں ملک کولیکشن سنٹرز پر چھاپے مار کارروائیاں کرتے ہوئے 1550لیٹر جعلی و مضر صحت دودھ نما سفید محلول تلف کردیا۔ دوران چیکنگ دودھ کے پاؤڈر کے بیگ بھی موقع سے برآمد کرلیے گئے جن سے دودھ بنایا جارہا تھا ،موقع پر جدید لیکٹوسکین سے کیے گئے ٹیسٹ میں پانی کی ملاوٹ اور قدرتی چکنائی کی کمی پائی گئی۔ ادھر گوجرانوالہ میں دوران کارروائی گلے سڑے پھلوں،سبزیوں کو نیلے ڈرموں میں کیمیکل ڈال کر بغیر ڈھانپے رکھا پایا گیا، اچار پر فنگس،کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں کی بھر مار پائی گئی، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ لازم ریکارڈ کی عدم دستیابی اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا، فنگس اورکیمیکل زدہ گلے سڑے پھلوں کو دلکش پیکنگ لگا کر اچار کے نام پر مہنگے داموں فروخت کیا جارہا تھا، غذائیت سے بھرپور اشیا خورونوش کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں