کامونکے :مون سون بارشوں کے پیش نظر ریلیف کیمپ قائم

کامونکے :مون سون بارشوں کے پیش نظر ریلیف کیمپ قائم

کامونکے (تحصیل رپورٹر ) مون سون بارشوں کے پیش نظر کامونکے میں ریلیف کیمپ قائم کرد ئیے گئے ، نالہ ڈیک میں طغیانی کے پیش نظر 6مقامات پر ریلیف کیمپوں کی منظوری دے دی گئی ۔

مون سون کی بارشوں کے سلسلہ میں گزشتہ روز پہلی بارش سے گلیوں بازاروں میں پانی کھڑا ہوگیا جسے میونسپل کمیٹی اہلکاروں نے جدوجہد کے بعد نکال دیا ، تحصیل آفس کے ترجمان کے مطابق اس بار 30فیصد زیادہ بارشوں کا بتایاگیا ہے جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت میونسپل کارپوریشن کے گیٹ کے ساتھ مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے ، جس میں لوگوں کوآگاہی دی جا رہی ہے کہ بارشوں یا سیوریج کے پا نی کے نکاس کے کائونٹر پر فوری اطلاع کی جائے ، دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر خرم نواز بھنگو نے نالہ ڈیک کے ساتھ ساتھ گناعور، مہہ چھٹہ، کوٹ رفیق ، سکھانہ باجوہ سمیت 6مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپوں کی منظور دی گئی ہے ، ان ریلیف کیمپوں حصہ بننے والے تما م متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ، ذرا ئع کے مطابق نالہ ڈیک جوکہ پچاس سے ساٹھ ہزار کیوسک پانی کی گنجائش رکھتا ہے ابھی مکمل خشک ہے اور اسکے دونوں بند مضبوط کردئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے سیلاب کے امکانات بہت کم ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں