عوامی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے :گورنر پنجاب

گوجرانوالہ،وزیرآباد(نیوز رپورٹر،نامہ نگار) گوجرانوالاپیپلز پارٹی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔۔۔
گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں، ہر فورم پر عوام کے حقوق کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مضبوط بنائینگے ، ضلعوں، شہروں اور گاؤں گاؤں جا کر پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے رابطہ رکھوں گا، ان خیالات کا اظہار سردار سلیم حیدر گورنر پنجاب نے مقامی ہوٹل گوجرانوالا میں پیپلز پارٹی گوجرانوالا ڈویژن و ضلع کے زیر اہتمام ہونے والے ڈویژنل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ متحرک اور فعال کارکنوں کو پیپلز پارٹی میں ہر سطع پر عہدے دیے جائینگے دریں اثنا سردار سلیم حیدر خان نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی مثبت تنقید سے حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے ۔ جمہوریت کے فروغ میں بھی میڈیا کا اہم کردار ہے ۔ اگر حکومت میں بیٹھے افراد میڈیا کی تنقید کو مثبت انداز میں لیں اور اس پر غور کریں تو اس سے ملک میں بہتری آئے گی۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے وزیرآباد آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ مسلم لیگ(ن) کا ہے ، پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں جائے گی، انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سیاسی جماعتوں پر پابندی کو مناسب نہیں سمجھتا، پی ٹی آئی کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر پر کیسز چلا کر انہیں سزا ملنی چاہیے ، محب وطن پاکستانیوں کو تنگ نہیں کرنا چاہیے ۔