پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے نارتھ چیپٹر کا آغاز
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے نارتھ چیپٹر کا آغاز کر دیا گیا ہے ، چیئرمین جی بی سی احمد اکرام لون پریذیڈنٹ، خواجہ شارق کلیم سینئر وائس پریذیڈنٹ۔۔۔
عمر محمود وائس پریذیڈنٹ اور خواجہ روحان اشرف سیکرٹری ہوں گے ،نوتشکیل شدہ نارتھ چیپٹر، پنجاب ، خیبر پختونخوا، دارالحکومت اسلام آباد اور شمالی پاکستان کے دیگر علاقوں پر مشتمل ہو گا، اس سلسلے میں پروٹوکول سائنگ کی تقریب اسلام آباد میں رومانیہ کے سفارتخانے میں منعقد ہوئی جس میں رومانیہ کے سفیر ایڈورڈ رابرٹ پریڈا اور PRBCکے چیئرمین سہیل شمیم فرپو نے معاہدے پر دستخط کیے ،پروٹوکول سائنگ کے موقع پر ایڈورڈ پریڈا نے رومانیہ اور پاکستان کے لیے PRBC کی خدمات کو خوب سراہا، اور نارتھ چیپٹر کے قیام کو دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک احسن قدم قرار دیا،احمد اکرام لون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے نارتھ چیپٹر کی قیادت کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے ، جس کے لیے میں PRBCکی لیڈرشپ خصوصا چیئرمین سہیل شمیم فرپو اور ایڈوائزر عاطف فاروقی کا شکر گزار ہوں،پاکستان رومانیہ بزنس کونسل 2011سے رومانیہ اور پاکستان کے باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے سرگرم ہے اور اس کونسل میں شمولیت کا مقصد تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور رومانیہ کا تجارتی حجم 250ملین ڈالر ہے ، جس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے ، پاکستان رومانیہ بزنس کونسل دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا، ہماری کوشش ہو گی کہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین نہ صرف تجارتی بلکہ تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو بھی بڑھایا جائے ۔