جاپانی کمپنیوں کے وفد کا سیالکوٹ چیمبرآف کا مرس کا دورہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )میاتا ناؤکی چیف نمائندہ جائیکا پاکستان کی سربراہی میں جاپانی کمپنیوں کے وفد نے سیالکوٹ چیمبرآف کا مرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور باہمی تعاون اور پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت عبدالغفور ملک، سینئر نائب صدر وہب جہانگیر ، معروف تاجر اکرام الحق اور چیئرمین میڈیا کمیٹی اویس احمد بٹ، مطلوب احمد قریشی،،خاور انور خواجہ نے سیالکوٹ چیمبر آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور گلدستے پیش کیے ۔ اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک نے کہا کہ جاپان کے معزز مندوبین کا دورہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک مثبت قدم کی نشاندہی کرتا ہے اور ہمیں جاپان کی معروف صنعتوں کے ایسے معزز نمائندوں کی میزبانی کرنے پر خوشی ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ آج کی بات چیت تعاون اور پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرے گی۔ چیف نمائندہ جائیکا پاکستان میاتا ناؤکی نے سیالکوٹ کے اس دورہ کو یادگار قرار دیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ سیالکوٹ کی ایکسپورٹ کو بڑھانے میں ان کی مدد کرے گا ۔ تقریب کے احتتام پر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔