پولیو مہم کا آغاز ،10 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا،9 ستمبر سے 13 ستمبر تک باقاعدہ طور پر جاری رہنے والی پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران گوجرانوالہ و وزیرآباد میں 10 لاکھ 3 ہزار 128 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
3825 موبائل ٹیمز، 161 فکسڈ ٹیمز، 73 ٹرانزٹ ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں جو مراکز صحت، گھروں، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈوں ویگن سٹینڈز وغیرہ پر ذمہ داریاں سر انجام دیں گی، انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے جائزہ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/ وزیرآباد محمد طارق قریشی کے زیرصدارت اجلاس میں مائیکرو پلان، انسداد پولیو ٹیموں کی ٹریننگ، ٹرانزٹ پوائنٹس کے قیام، فنگر مارکنگ، ڈور مارکنگ، آگاہی مواد آویزاں، پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ مائیکرو پلان، ٹیموں کی مانیٹرنگ کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے ۔ خانہ بدوش بستیوں، ہائی رسک یونین کونسلوں میں خصوصی توجہ دی جائے ۔محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران پیش آنے والے تمام مسائل کو فی الفور دور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران جو بچے شہر سے باہر گئے ہیں انکا ریکارڈ مستقل رجسٹر میں درج اور ان کا فولو اپ لیا جائے ، دوران سفر یا اور کسی بھی وجہ سے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جانے والے ایسے بچوں کی نشاندی کریں اور انہیں سو فیصد کور کریں۔