حافظ آباد:شہدا کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں
حافظ آباد (نامہ نگار )یوم دفاع کے موقع پر حافظ آباد میں پاک فوج کے افسروں نے شہداء میجر ندیم عباس بھٹی اور لانس نائیک طارق محمود کی قبروں پر حاضری دی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے بریگیڈیئر منصور صادق رانا، کرنل راشد، میجر باقر، اور صوبیدار محمد فاروق نے برج دارہ گاؤں میں میجر ندیم عباس بھٹی اور وچھوکی میں لانس نائیک طارق محمود کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی۔اس موقع پر بریگیڈیئر منصور صادق رانا کاکہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں ان عظیم شہداء کی یاد دلاتا ہے ، جنہوں نے اپنے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ میجر ندیم عباس بھٹی اور لانس نائیک طارق محمود ہمارے قوم کے وہ روشن چراغ ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔