دشمن کے حملے کو ناکام بنانے میں پاک فضائیہ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دشمن کے حملے کو ناکام بنانے میں پاک فضائیہ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی فضائی حدود کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک فضائیہ نے کم وسائل کے باوجود جنگ ستمبر میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے 1965 کی جنگ میں فضاؤں میں مکمل حکمرانی قائم کی، ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر دشمن کے 5 طیارے تباہ کر کے تاریخ رقم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مکار دشمن کی فضائی طاقت کا غرور ملیامیٹ کر دیا، پاکستان کے شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی انمٹ داستانیں رقم کیں، 7ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بے مثال خدمات و لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، پاک فضائیہ کے شہداء کی بہادری اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، دشمن کے حملے کو ناکام بنانے میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں