گوجرانوالہ ،گجرات ڈویژن میں 96881 کسان رجسٹرڈ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کے اضلاع میں کسان کارڈ کیلئے 96881 کسانوں نے رجسٹریشن کرا لی ہے ، رجسٹریشن کارڈز کے اجرا کیلئے 21 سنٹرز قائم کر د ئیے گئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسان کارڈ سکیم کے حوالے سے ملاقات کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر زراعت گوجرانوالہ ڈاکٹر شکیل احمد، ڈائریکٹر گجرات ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ نے بریفنگ دی ۔ کمشنر نے بتایا کہ دونوں ڈویژن میں 1 لاکھ 30 ہزار 60 کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے اجرا کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ابتک 96881 کسانوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے جبکہ محکمہ زراعت کے افسر وں و سٹاف باقی ہدف کے حصول کیلئے سرگرم ہے ۔ نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ کسان کارڈ کے اجرا کیلئے گوجرانوالہ ڈویژن میں 11 اور گجرات ڈویژن میں 10 سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ سکیم کے تحت چھوٹے کسان 6 ماہ کیلئے فی ایکڑ 30 ہزار روپے تک قرض حاصل کر سکیں گے جو انہیں 6 ماہ میں واپس کرنا ہوگا اور اس پر کوئی سود نہیں ہوگا قرض کی رقم بروقت واپس کرنے والا کسان آئندہ سیزن میں دوبارہ قرض لینے کا اہل ہوگا۔