جعلی زرعی ادویات،بیج کی فروخت،فصلیں تباہ

جعلی زرعی ادویات،بیج کی فروخت،فصلیں تباہ

ملتان (جام بابر سے ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں جعلی کھاد ،زرعی ادویات اور مختلف فصلوں کے بیج کی کھلے عام فروخت جاری ہے ۔

 جس کی وجہ سے علاقے میں زرعی پیداوار بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب اور اسکے گرد ونواح میں جعلی اور غیر معیاری کھاد ،زرعی ادویات اور مختلف فصلوں کے بیج کا کاروبار کھلے عام جاری ہے ۔ جعلساز کسی بھی ملٹی نیشنل یا نیشنل کمپنی کی پیکنگ میں جعلی ادویات پیک کرکے کھلے عام فروخت کررہے ہیں ۔بلکہ کئی ڈیلر محکمہ زراعت کے اہلکاروں سے ملی بھگت کر کے بغیر لائسنس کے غیر قانونی طوریہ کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں ۔لیکن محکمہ زراعت کی جانب سے ان جعلسازوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔شہر میں بعض بیوپاریوں اور ڈیلروں نے اپنی دکانوں پر صرف کمپنیوں، زرعی ادویات ، بیج اور اسپرے کی دستیابی کے سائن بورڈ لگا رکھے ہیں اور اس کی آڑ میں لوکل سطح پر تیار کی گئی جعلی ادویات اور بیج کی فروخت کھلے عام جاری ہے ۔ جس کی وجہ سے علاقے میں زرعی فصلوں کے علاوہ باغات کو بھی زبردست نقصان پہنچ رہا ہے ۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے جعلی کھاد ، زرعی ادویات اور مختلف فصلات کے بیج کے استعمال کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کاشت فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ زراعت کے اہلکاروں کی سرپرستی میں جعلی کھاد زرعی ادویات اور بیج کی فروخت کے کاروبار میں ملوث ڈیلروں اور دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں