میپکو ای سروسز کی جانب قدم بڑھا رہی ہے ،جام گل محمد
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر جام گُل محمد زاہد نے کہا ہے کہ بجلی صارفین کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سروسز فراہم کرنے میں یو ایس ایڈ (پی ڈی آئی پی) کا اہم کردار ہے ۔
میپکو کسٹمرسروسز کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ای سروسز کی جانب قدم بڑھارہی ہے جو خوش آئند ہے ۔ ای سروسزسے نہ صرف صارفین گھر بیٹھے اپنی شکایات کا اندراج و ازالہ کرواسکیں گے بلکہ نئی متعارف کروائی گئی موبائل فون ایپ ‘‘میپکو سمارٹ’’سے اپنے میٹر کی سمارٹ مانیٹرنگ ، انرجی ایڈوائزری،بلوں کی ادائیگیاں ،کنزیومرسروسز، لوڈشیڈنگ شیڈول سے آگاہی اور دیگر سروسز سے مستفید ہوسکیں گے ۔ وہ میپکو ریجنل ٹریننگ سنٹر میں آپریشنل وریونیو افسروں کو ’’ای آپریشنز ’’بارے منعقدہ ٹریننگ سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ (پی ڈی آئی پی ) نے میپکو کے سینکڑوں مختلف عہدوں کے اہلکاروں و افسران کو(e-ops)کے ذریعے ڈیجیٹل آپریشنز کی تربیت دی ہے اور پاکستان کے پاور سیکٹر میں پہلی بار سی ایف سی اور سی سی سی آپریشنز کے سیشن میں کمرشل اور وائر بزنس سیپریشن ماڈل پیش کیاگیاہے ۔ نیا ماڈل بہت جلد ملتان سرکل کی 26آپریشن سب ڈویژنوں میں نافذ کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس کا دائرہ کار پوری کمپنی میں پھیلایاجارہاہے ۔