وزیراعلیٰ پنجاب پولیو فری پاکستان کیلئے متحرک، عظمیٰ کاردار
ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو و رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کی ڈیرہ غازیخان آمد۔
، انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد سے ملاقات کی اورڈیرہ غازیخان میں جاری انسداد پولیو مہم بارے امور زیر بحث آئے ۔فوکل پرسن عظمیٰ کاردار نے ڈی سی آفس میں میڈیا پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب پولیو فری پاکستان کیلئے کوشاں ہیں،ڈیرہ غازی خان میں اچھے انداز میں پولیو مہم چلائی گئی ہے ،میں وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر انسداد پولیو مہم کی پڑتال کیلئے ڈی جی خان آئی ہوں،ڈیرہ غازیخان میں انسداد پولیو مہم کی کوریج98فیصد رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مؤثر ترین انداز میں پولیو مہم کی مانیٹرنگ کی گئی ہے ،پاکستان اور افغانستان ملکر پولیو خاتمے کیلئے متحرک ہیں،سرحدی علاقوں کی وجہ سے انوائرمینٹل سیمپل پازیٹو آتے ہیں، بلوچستان، سندھ، کے پی کے سے انسداد پولیو کیلئے رابطے میں ہیں، فوکل پرسن انسداد پولیو نے کہا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں،انکی سو فیصد سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے ،حکومت،عوام اور میڈیا کے تعاون سے موذی مرض پولیو کو جلد شکست دینگے ،من حیث القوم ہمیں دہشت گردوں کے مکمل صفایا تک متحد ہونا پڑے گا،وفاق،تمام صوبے اور نیشنل سکیورٹی کونسل مستقل امن کے قیام کیلئے سرگرم ہیں،بارڈر پر واقع ڈیرہ غازی خان میں پولیو ٹارگٹ حصول پر انتظامیہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان کے قبائلی علاقوں میں مقامی پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتی ہوں۔