صوفیا کے طرز ِ زندگی سے ر ہنمائی کی ضرورت:مقررین
لاہور(سیاسی نمائندہ)برصغیر پاک وہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت شاہ عنایت قادری ؒ کے 299 ویں سالانہ عرس کا افتتاح و رسم چادر پوشی سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے مشائخ، علما، عمائدین اور دیگر شخصیا ت کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا صوفیا کے طرز ِ زندگی سے ر ہنمائی کی ضرورت ہے ۔قادری صوفیا کا لاہور کی ثقافت پر گہر ا اثر ہے ، صوفیا نے اس خطے میں جو معاشرت استوار کی اس میں شرفِ آدمیت اور تکریم انسانیت کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور دیگر نے مزید کہا صوفیا نے رنگ ونسل اور علاقائی وقبائلی تقسیم سے بالا ہوکر رواداری،اخوت اور انسان دوستی جیسے جذبوں کو فراواں کیااور معاشرتی تحفظات اور سوشل سکیورٹی کی بہم رسانی کویقینی بنایا۔ افتتاح و رسم چادر پوشی کے موقع پر ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون ایسٹ ایاز محمود لاشاری، پیر ناظم حسین شاہ، منیجر اوقاف حسن رضوان، ضلعی خطیب اوقاف مولانا محمد شفیق سمیت محکمہ اوقاف کے دیگرافسر بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا حضرت شاہ عنایت قادری ؒ بر صغیر کی تاریخِ تصوّف میں بلند مقام کے حامل تھے ، بابا بلھے شاہ ؒ جیسی ہستی نے آپؒ سے اکتسا بِ علم و روحانیت کیا۔