سیالکوٹ میں زراعت شماری کیلئے 159 بلاک ،12 ٹیمیں

سیالکوٹ میں زراعت شماری کیلئے 159 بلاک ،12 ٹیمیں

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ میں 40 روزہ زراعت شماری مہم کا افتتاح کردیا، یہ عمل 10 فروری تک جاری رہے گا،قومی اہمیت کے حامل عمل کے ذریعے ملک کی زرعی پیداوار، فصلوں کی اقسام، کاشتکاروں کی تعداد اور دیگر اہم زراعت سے متعلق معلومات ڈیجیٹل کائونٹ کی جائیں گی۔

 ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے یوسی پریم نگر میں زراعت شماری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ زراعت شماری کے ذریعے حکومت کو ملک کی زراعت کے حوالے سے درست اور جامع معلومات حاصل ہوں گی جس سے مستقبل میں زرعی پالیسیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔زراعت شماری ملک کی معیشت میں زراعت کے کردار کو سمجھنے کے لیے انتہائی اہم ہے ۔ اس کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات سے زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے حکمت عملی بنائی جا سکتی ہے ۔کسانوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں،زرعی قرضوں کی تقسیم میں مدد مل سکتی ہے ۔مارکیٹنگ کی حکمت عملی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ زراعت شماری کے اس مرحلے میں ضلع سیالکوٹ کی 159 بلاک میں زراعت شماری کیلئے کل 12 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں