دعوؤں کے باوجود میٹرو بس کی توسیع کا منصوبہ زیر التوا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت کے میٹرو بس توسیع کے تمام دعوے ہوا ہوگئے ، شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس کو دونوں اطراف سے توسیع دینے کا اعلان کیا گیا تھا، گجومتہ سے قصور اور شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک میٹرو بس کی توسیع نہ ہوسکی۔
شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک بھی میٹرو بس کا 12.5 کلومیٹرکوریڈور تعمیر نہ ہوسکا۔گجومتہ سے قصور تک میٹرو بس سروس کو چلانے کے لیے آزمائشی سروس شروع کی گئی جس کے بعد بس کو نہیں چلایا گیا۔ ایل ڈی اے کو میٹرو بس توسیع منصوبے کا ڈیزائن اور پی سی ون بنانے کا حکم دیا تھا۔ گجومتہ سے چلنے والی میٹرو بس کو یو ای ٹی کالا شاہ کاکو کیمپس سے منسلک کیا جانا تھا۔ میٹرو بس توسیع کے کوریڈور پر دو انڈر پاسز بھی تعمیر نہ ہوسکے ۔ پندرہ بسوں کا سکواڈ تجرباتی طور پر گجومتہ سے قصور تک چلایا گیا۔ مسافروں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے قصور روڈ پر میٹرو کی ایک لائن کو بھی مختص کیا جانا تھا تاہم دونوں اطراف منصوبوں کی توسیع کا پلان التواکا شکار ہے ۔