وہیکل ٹوکن ٹیکس ادائیگی کی تاریخ میں توسیع کا اعلان
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے گاڑیوں کے مالکان کی سہولت کیلئے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں 15دن کی توسیع کر دی۔۔۔
اور واجبات کی ادائیگی اور قانونی جرمانے سے بچنے کیلئے مزید وقت فراہم کر دیا، ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کر دیا گیا۔ ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق عدم ادائیگی پر گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی اور نادہندگان کو غیر ادا شدہ رقم کے 200فیصد تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سمارٹ کارڈ کے صارفین اسلام آباد سٹی ایپ کے ذریعے اپنا ٹوکن ٹیکس آن لائن ادا کر سکتے ہیں جو 24گھنٹے دستیاب ہے۔ اس دوران توسیعی مدت کے دوران مزید ٹیکس دہندگان کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے ایکسائز کاؤنٹرز رات 8بجے تک کھلے رہیں گے۔ ترجمان نے برسوں سے ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے گاڑیوں کے مالکان پر زور دیا کہ وہ جرمانہ یا رجسٹریشن کینسل سے بچنے کیلئے اپنے واجبات فوری ادا کریں۔ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال اعظم خان نے کہا شہری کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری ٹوکن ٹیکس جمع کرائیں۔