کوٹ لکھپت سبزی منڈی اراضی پر ارفع آئی ٹی ٹاور 2بنانے کا منصوبہ
لاہور (شیخ زین العابدین) کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی کو قابل استعمال بنانے کا نیا پلان بنا لیا گیا، ارفع آئی ٹی ٹاور ٹو بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ایل ڈی اے جوائنٹ وینچر کے تحت ٹاور تعمیر کریں گے ۔
ایل ڈی اے نے اراضی سے متعلق نئی تجاویز تیار کر لیں،منڈی کی 116 کنال اراضی کے مستقبل کا ورکنگ پیپر گورننگ باڈی میں پیش کیا جائے گا۔ 58 کنال اراضی پر آئی ٹی ٹاور بنانے کی تجویز دی گئی جبکہ 50 کنال اراضی کو چھوٹے سائز کے پلاٹس میں تبدیل کیا جائے گا،پلاٹس صرف آئی ٹی سے متعلقہ کمپنیز کو فروخت کئے جائیں گے ۔دوسری طرف پنجاب حکومت نے کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی پر ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ ختم کر دیا،محکمہ صحت کے ساتھ ہونے والے معاہدے منسوخ کر دئیے گئے ،18 کنال 5 مرلے اراضی پر پمپنگ سٹیشن تعمیر کا منصوبہ بھی ختم کر دیا گیا۔