6 سبزیاں اور چکن مہنگے : گرانفروشی بھی جاری رہی
لاہور(کامرس رپورٹر)شہر میں مہنگائی کا گراف مزید بلند ہونے لگا، سرکاری نرخ نامے میں 6 سبزیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، اوور چارجنگ کا سلسلہ جاری بھی جاری رہا، مارکیٹ میں کوئی سبزی مقررہ نرخوں پر فروخت نہیں کی گئی۔
پیاز 5 روپے مہنگا کرکے سرکاری ریٹ لسٹ میں 125 روپے کلو مقرر ہوا لیکن درجہ اول خشک پیاز کی فروخت پرچون بازاروں میں 160 روپے تک رہی۔ اسی طرح ٹماٹر 7 روپے بڑھا کر قیمت 197 روپے کلو مقرر کی گئی، تاہم درجہ اول ٹماٹر کی فروخت 250 روپے کلو تک ہوئی۔ سبز مرچ 10، ساگ 5، بھنڈی 10 اور شملہ مرچ کی قیمت میں 15 روپے کلو اضافہ کیا گیا لیکن مارکیٹ میں سبز مرچ سرکاری قیمت 130 کے بجائے 180، ساگ 45 کے بجائے 60، بھنڈی 260 کی جگہ 550 اور شملہ مرچ 185 کے بجائے 250 روپے کلو تک بیچی گئی۔ ادھر سرکاری ریٹ لسٹ میں لہسن 700 اور ادرک 450 روپے تک جا پہنچا جبکہ موسمی پھل مالٹا بھی عوام کی پہنچ سے کوسوں دور رہا۔ مارکیٹ میں مالٹا 250 روپے درجن سے کم میں دستیاب نہیں تھا۔ برائلر کی قیمتوں کو بھی کنٹرول نہیں کیا جارہا، مافیا بے لگام اور مصنوعی قلت پیدا کرکے عام کو لوٹنے میں مصروف جبکہ انتظامیہ مصنوعی قلت ختم کرانے میں ناکام ہے۔ شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 4 روپے اضافے سے 595 روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت 3 روپے اضافے سے 411 روپے کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 329 روپے درجن پر مستحکم رہی۔ واضح رہے کہ 7 دنوں میں برائلر گوشت 120 روپے کلو تک مہنگا کیا جا چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا تنخواہ دار طبقہ پس کر رہ گیا، قوت خرید صفر ہوتی جا رہی ہے۔